بنگلورو،19/ اگست(ایس او نیوز) وزیر اعلیٰ بسواراج بومئی نے ہدایت دی کہ ریاست میں ہوئی حالیہ بارش کی وجہ سے تباہ سڑکوں کی مرمت کاکام ترجیحی بنیاد پر کیا جائے۔ اپنے سرکاری دفتر کرشنا میں محکمہ تعمیرات عامہ کی کارکردگی کا جائزہ لینے طلب کردہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے یہ ہدایت دی انہوں نے بتایا کہ بارش سے نقصان دہ علاقوں میں سڑکوں کی مرمت کیلئے300کروڑ روپئے جاری کئے گئے ہیں اور اس رقم کو اس علاقوں میں خرچ کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ جن اضلاع میں سڑکوں کو کم نقصان پہنچا ہے،وہاں بھی مرمت کی جائے جبکہ قومی شاہراہ اتھارٹی کی جانب سے ایک ہزار کروڑ کی لاگت سے تعمیری کام شروع کئے گئے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ سڑکوں کی ترقی کیلئے اسکیموں کو مرتب کرنے اور زمینات پرقبضہ جات کے عمل میں تیزی لانے اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کے ساتھ علاحدہ اجلاس طلب کیا جائے گا۔